ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل اسرائیل کو اس کے جرائم پر جوابدہ ٹھہرائے۔
شہباز شریف نے اعلیٰ سطح کے مباحثے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ’قیادت برائے امن‘ پر مباحثے کے لیے سلامتی کونسل کا یہ اجلاس منعقد کرنے پر سلووینیا کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ، یورپ اور دیگر خطوں میں پھیلتی جنگیں، بڑی طاقتوں کے مابین بڑھتی کشیدگی اور بڑھتی ہوئی غربت عالمی نظام کی بنیادوں کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ اتوار کو ہم نے مستقبل کے معاہدے کی منظوری دی، ہمیں اپنے وعدوں کو لازمی پورا کرنا ہوگا، وگرنہ مستقبل تاریک اور پُرخطر ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے ہمیں لازماً اسرائیل کو غزہ میں نسل کشی سے روکنا ہوگا، اسی طرح اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ کے خطے تک تنازع کو بڑھانے سے باز رکھنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بیروت پر کی گئی بمباری انتہائی قابل مذمت ہے۔