(ویب ڈیسک ) بنگلادیش کے اسٹار آل راؤنڈر شکیب الحسن کی جانب سے ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے۔کان پور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شکیب الحسن نے بتایا کہ رواں سال جون میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں وہ اس فارمیٹ میں بنگلادیش کے لیے اپنا آخری میچ کھیل چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں ڈھاکا میں جنوبی افریقا کے خلاف شیڈول ٹیسٹ ان کے کیریئر کا آخری ٹیسٹ میچ ہوگا، ٹی ٹوئنٹی کے بعد وہ اس فارمیٹ سے بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔
واضح رہے کہ شکیب الحسن 70 ٹیسٹ میچز میں بنگلادیش کی نمائندگی کرچکے ہیں، جس میں انہوں نے 4600 رنز اور 242 وکٹیں لیں۔
ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے 129 میچز کھیلے جس میں 2551 رنز اور 149 وکٹیں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ شکیب الحسن 247 ون ڈے میچز میں بھی بنگلادیش کی نمائندگی کرچکے ہیں۔