37

پی ایس ایل 6 کا آفیشل گانا “گروو میرا”ریلیز

لاہور (پبلک نیوز) ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کا آفیشل ترانہ “گروو میرا” ریلیز کردیا گیا.ترانہ نصیبو لعل، آئمہ بیگ اور ینگ اسٹنرز کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا، ویڈو میں بابراعظم، شاداب خان، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور وہاب ریاض جلوہ گر ہوئے.

ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کا آفیشل ترانہ “گروو میرا” ریلیز کردیا گیا ہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے،پاکستان کے معروف ٹی وی چینلز بھی اس ترانے کو نشر کریں گے.

یہ ترانہ دنیا بھر میں موجود ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے مداحوں کی کھیل سے محبت اور لیگ سے قربت کی ترجمانی کرتا ہے۔ اس ترانے میں کورونا وائرس کے بعد پیدا شدہ حالات پر بھی روشنی ڈالی گئی ہے.

اسٹیڈیم تو خالی ہیں مگر مداح اپنے گھروں میں ٹی وی اسکرینز کے سامنے بیٹھ کر میچ دیکھتے نظر آتے ہیں۔ اس ترانے کی تیاری میں پاکستان کے فوک، پاپ اور ہپ ہاپ گلوکاروں نے شرکت کی ہے۔ فوک گلوکارہ نصیبو لعل، پاپ گلوکارہ آئمہ بیگ اور ہپ ہاپ سپر اسٹارز ینگ اسٹنرز نے ترانے میں اپنی آواز کا جادہ جگایا ہے۔

اس ترانے کی ویڈیو کو فدا معین نے ڈائریکٹ کیا ، چھ معروف کرکٹرز بھی ترانے کی آفیشل ویڈیو میں جلوہ گر ہوئے ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے شاداب خان، ملتان سلطانز کے شان مسعود، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، پشاور زلمی کے وہاب ریاض، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سرفراز احمد اور کراچی کنگز کے بابراعظم شامل ہیں۔

لیجنڈری نصیبو لعل اور پاپ اسٹار آئمہ بیگ کی ایک اپنی پہچان ہے، ان دونوں گلوکاروں سمیت نوجوان ہپ ہاپ اسٹارز ینگ اسٹنرز کی گائیگی نے ترانے کو چار چاند لگادیے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ترانے کی ریلیز کے بعد اب اگلا مرحلہ شائقین کرکٹ کی نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور آمد ہے کہ جہاں انہیں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملیں.

محدود تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کرنے والے تماشائی اب کراچی اور لاہور میں کرکٹ ایکشن اور گروو میرا دونوں سے محظوظ ہوں گے۔ نصیبو لعل نے کہا کہ انہوں نے کبھی ایسا ترانہ نہیں گنگنایا، لہٰذا اس ترانے کی تیاری میں انہیں بہت لطف آیا ہے۔

آئمہ بیگ نے کہا وہ بہت خوش ہیں کہ انہیں اس ترانے میں گائیگی کا موقع ملا، پرامید ہیں کہ یہ ترانہ فینز کو پسند آئے گا۔ ینگ اسٹنرز، طلحٰہ یونس کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل سکس کے آفیشل ترانے میں گائیگی کا موقع ملنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے، یہ ترانہ ماضی کے ایڈیشنز سے ہٹ کر بنایا گیا ہے، امید ہے فینز کو پسند آئے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں