تبدیلی رہنما اسلم خان نے دکاندار کو تھپڑ جڑ دیا ٗ ویڈیو وائرل

05:28 AM, 27 Apr, 2021

اویس
کراچی ( پبلک نیوز ) صدر کی موبائل مارکیٹ کی ایک دکان میں ممبر قومی اسمبلی اسلم خان نے دکاندار کو تھپڑ جڑ دیا ٗ ان کے محافظوں نے اسلحہ تان لیا مگر حیران کن طور پر دکاندار کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق کراچی سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان کی ا یک موبائل شاپ میں محافظوں سمیت تشدد کی ویڈیو سامنے آئی ہے ٗ کراچی کے علاقے صدر میں دکانداروں سے لڑ پڑے ٗ اسلم خان نے دکاندار کو تلخ کلامی پر تھپڑ دے مارا جبکہ ان کے گارڈز نے بھی دکانداروں کو تشدد کا نشانہ بنایا ٗ ممبر قومی اسمبلی کے محافظوں نے دکانداروں پر بندوق بھی تانی۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ممبر قومی اسمبلی اسلم خان دکان میں دندناتے پھر رہے ہیں اور وہاں پر لوگوں کو تھپڑ مارتے نظر آ رہے ہیں ٗ یہ ابھی تک مصدقہ طور پر معلوم نہیں ہو سکا کہ آخر اس لڑائی کی وجہ کیا بھی لیکن ابتدائی طور پر کہا جا رہا ہے کہ ممبر قومی اسمبلی نے دکاندار کیساتھ درشت لہجے میں بات کی جس کےبعد تلخی میں اضافہ ہو گیا اور دکاندار کے بولنے پر اسلم خان نے اسے تھپڑ جڑ دیا۔حیران کن طور پر ویڈیو میں صاف طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ اسلم خان نے تھپڑ مارا اور ان کے محافظوں نے اسلحہ تانا لیکن دکاندار کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ٗ کراچی صدر مارکیٹ کے تاجر رہنمائوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رکن قومی اسمبلی کیخلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے اور اس مقصد کیلئے وہ تھانے پہنچ چکے ہیں ٗ ایس ایس پی سائوتھ کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے بعد ہی کسی نتیجے پر پہنچیں گے۔
مزیدخبریں