لاہور(پبلک نیوز) شہباز شریف کی رہائی کے بعد مسلم لیگ ن کی قیادت کون کرے گا؟ معاملات طے پاگئے۔
شریف فیملی کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قیادت شہباز شریف ہی کریں گے جبکہ پنجاب کے معاملات حمزہ شہباز شریف دیکھیں گے۔ ذرائع ن لیگ کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز مصلحانہ انداز جاری رکھیں گے اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز جارحانہ رویہ ہی برقرار رکھیں گی۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق پارٹی کو جب جہاں مریم نواز کی ضرورت ہوگی وہ اپنا کردار ادا کریں گی۔ مریم نواز اپنے چچا ور کزن حمزہ شہباز سے مشاورت کے ساتھ پارٹی معاملات کو دیکھیں گی۔ مریم نواز پارٹی کے وفاقی معاملات سوشل میڈیا اور عوامی رابطوں کو بہتر بنانے پر کام کریں گی۔ مریم نواز عوامی جلسوں، ریلیوں اور کارنر میٹنگز سے بھی خطاب کریں گی۔ شہباز شریف اور حمزہ پارلیمانی معاملات کے نگہبان ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق شریف خاندان کی تینوں افراد پارٹی کے اہم معاملات میں نواز شریف سے مشاورت کے پابند ہوں گے۔ پارٹی میں کسی بھی معاملے میں حتمی فیصلہ نواز شریف ہی کریں گے۔