لاہور ہائیکورٹ کا حمزہ شہباز سے حلف لینے کا حکم

05:27 AM, 27 Apr, 2022

احمد علی
لاہور: (ویب ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے گورنر پنجاب عمر چیمہ کو حکم دیا ہے کہ وہ کل تک یا تو خود نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کا حلف لیں یا اس مقصد کیلئے کسی اور کو فوری طور پر نامزد کریں۔ عدالت عالیہ کی جانب سے یہ فیصلہ حمزہ شہباز شریف کی درخواست پر سنایا گیا ہے۔ عدالت کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ صوبہ پنجاب 25 دنوں سے بغیر وزیراعلیٰ کے چل رہا ہے۔ گورنر پنجاب 28 اپریل تک حلف برداری کرائیں۔ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکم دیا گیا کہ گورنر پنجاب کل حمزہ شہباز سے حلف لیں یا کسی اور کو نامزد کریں۔ چیف جسٹس امیر بھٹی کی جانب سے یہ محفوظ فیصلہ سنایا گیا۔ حمزہ شہباز شریف کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ تین ہفتے ہونے کو ہیں، سب سے بڑے صوبے کا کوئی وزیراعلیٰ نہیں ہے۔ میرا خیال ہے صدر صاحب اور گورنر کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ گورنر اور صدر تاریخ کو داغدار نہ کریں۔ صدر پاکستان آئین کے تحت کام کریں، عمران نیازی کے ذاتی غلام نہ بنیں۔ میرا حلف نہ لینے کا ایک ہی آدمی ذمہ دار ہے جس نے آئین توڑا ہے۔ وہ ترغیب دے رہا ہے اداروں پر چڑھ دوڑو عمران نیازی ایک مجرم ہے۔
مزیدخبریں