کراچی: لڑکی کااغوا اور زیادتی، ڈاکٹر 2 ساتھیوں سمیت گرفتار
02:52 PM, 27 Apr, 2022
کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی سے لڑکی کے اغوا اور زیادتی کے الزام میں ڈاکٹر سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ فیصل کالونی، الفلاح سوسائٹی سے لڑکی کے اغوا اور زیادتی کا مقدمہ متاثرہ لڑکی کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان نے لڑکی کو حبس بیجا میں رکھا اور زیادتی کی درج مقدمے کے متن میں لڑکی نے مؤقف اختیار کیا کہ میری دو ہفتے قبل مسکان نامی خاتون سے دوستی ہوئی، مسکان مجھے 20 اپریل کو ڈیفنس لےکر گئی، میرے ساتھ وہاں زیادتی کی گئی اور ویڈیو بھی بنائی گئی۔ متاثرہ لڑکی نے مزید بتایا کہ پھر مجھے الفلاح سوسائٹی میں زبردستی لے آئے اور حبس بیجا میں رکھا، ملزم ڈاکٹر سنان اور احمد مجھے تین چار روز تک زیادتی کا نشانہ بناتے رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی نے اغوا اور حبس بیجا سے متعلق 15 پر اطلاع دی تھی، پولیس نے لڑکی کو چھاپہ مار کر بازیاب کرایا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کورنگی کی رہائشی ہے جبکہ اس کے والدین حیدرآباد میں رہتے ہیں۔