کابل حملہ، جو بائیڈن کا دہشت گردوں سے بدلہ لینے کا اعلان

07:35 AM, 27 Aug, 2021

حسان عبداللہ

واشنگٹن(پبلک نیوز) کابل حملے پر بات کرتے ہوئے امریکی صدر آبدیدہ ہو گئے،جو بائیڈن کا دہشت گردوں سے بدلہ لینے کا اعلان ، ان کا کہنا تھا کہ امریکا کو نقصان پہنچانے والوں کو معاف کریں گے اور نہ بھولیں گے.

وائٹ ہاؤس میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے بتایا کہ کابل ائیرپورٹ پر دھماکوں کے حوالے سے داعش اور طالبان کے درمیان گٹھ جوڑ کے کوئی شواہد نہیں ملے، ان کا کہنا تھا طالبان اچھے لوگ نہیں ہیں لیکن کابل ائیرپورٹ تک راستہ کھلا رکھنا ان کے اپنے مفاد میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملے کے ذمہ دار جہاں کہیں بھی ہوئے انھیں ڈھونڈ نکالیں گے اور انھیں اس حملے کی قیمت ادا کرنے پر مجبور کر دیں گے، ہم کابل ائیرپورٹ پرحملے کے ذمہ داروں کو اپنی طاقت سے اور اپنی مرضی کے مقام پر بھرپور جواب دیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کابل ائیرپورٹ کے باہر ہوئے خودکش حملے اور دھماکوں میں ہلاکتوں کی تعداد 90 ہو گئی ہے،مرنے والوں میں 13 امریکی فوجی بھی شامل ہیں جبکہ 150 سے زیادہ شہری زخمی ہیں ، دھماکے کے وقت حامد کرزئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے باہرسیکڑوں افراد موجود تھے .

مزیدخبریں