ایشیا کپ 2022: سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں آج مدمقابل ہوں گی
07:00 AM, 27 Aug, 2022
ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہو رہا ہے، پہلا میچ سری لنکا اور افغانستان کے مابین آج کھیلا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق ایونٹ میں 6 ٹیموں کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ افتتاحی میچ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا اور یہ میچ پاکستان کے وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 28 اگست بروز اتوار کو اپنے روایتی حریف بھارت کیخلاف کھیلے گا۔ ایشیا کی چھ بہترین ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں پاکستان گروپ اے میں ہانگ کانگ اور بھارت کے ساتھ جبکہ گروپ بی میں افغانستان، سری لنکا اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی۔ گروپ ٹاپ 2 ٹیمیں سپر فور مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔ سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے درمیان فائنل 11 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔