67 ہزارسیلاب متاثرہ خاندانوں میں فی گھرانہ 25 ہزار تقسیم

08:56 AM, 27 Aug, 2022

احمد علی
وفاقی حکومت کی جانب سے 67 ہزار سیلاب متاثرہ خاندانوں میں فی گھرانہ 25 ہزار روپے کی امداد تقسیم کر دی گئی ہے۔ ملک بھر میں ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد وفاقی حکومت کی امدادی سرگرمیاں بھی تیز ہوگئی ہیں، حکومت نے بینظیر انکم اسپورٹ پروگرام کے ذریعے سے بھی سیلاب متاثرین کی امداد کی تقسیم مزید تیز کردی ہے۔ سیلاب متاثرین کو دی جانے والی رقوم کی تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں، جس کے تحت اب تک 67 ہزار سیلاب متاثرہ خاندانوں میں فی گھرانہ 25 ہزار روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سیلاب متاثرین میں اب تک 1 ارب، 68 کروڑ،74 لاکھ 57 ہزار روپے تقسیم کئے جاچکے ہیں۔سندھ کے 25 ہزار 577 متاثرہ خاندانوں میں 64 کروڑ 10 لاکھ روپے، بلوچستان کے 32 ہزار 250 متاثرہ خاندانوں میں 81 کروڑ 35 لاکھ روپے، خیبر پختونخوا کے 3 ہزار 53 خاندانوں کو 76 لاکھ 65 ہزار روپے اور پنجاب کے 6 ہزار 223 خاندانوں کو اب تک 15 کروڑ 62 لاکھ روپے دیئے جاچکے ہیں۔ حکومت نے یہ اعلان کیا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثرہ 11 لاکھ خاندانوں تک رقم پہنچائی جائے گی، امداد کی تقسیم کے لئے پنجاب میں 26، سندھ میں 170، خیبر پختونخوا میں 23 اور بلوچستان میں 97 امدادی مراکز قائم ہیں۔
مزیدخبریں