وزیر اعظم کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ
10:25 AM, 27 Aug, 2022
وزیر اعظم شہباز شریف نے دورہ سجاول کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔ تفصیلات کے مطابق دورہ سجاول کے موقع پر وزیر اعظم کے ہمراہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی تھے وزیر اعظم کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہونے والے امدادی کاموں پر بریفنگ بھی دی گئی۔ ڈائریکٹر جنرل این ڈی ایم اے اور چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر اعظم اوروزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سیلاب سے بڑی سطح پر فصلیں تباہ ہوئی ہیں ۔سیلاب سے کئی گھر تباہ، عام روڈز، رابطہ سڑکیں اور پل شدید متاثر ہوئے ہیں ۔ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ سندھ کو سجاول میں بجلی معطلی پر اور بحالی کے امکانات پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو متاثرین کو امداد کی بحالی میں تاخیر نہ کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم سب کے ساتھ مل کر کام کریں گے ،متاثرین کی دادرسی کریں گے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کالام اور سوات میں سیلابی ریلے سے گھر، ہوٹل، عمارتیں اور مکانات تباہ ہوئے ہیں۔ امدادی کام تیزی سے جاری ہیں اور کوشش ہے کہ متاثرین کی بروقت مدد کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ سندھ میں پانی چاروں طرف پھیلاہوا ہے ،کوئی جگہ خشک نہیں۔ خرم دستگیر بجلی کے مسئلے کے حل تک سندھ میں ہی رہیں گے اور سیلاب متاثرین کیلئے کشتیو ں اور ہیلی کاپٹرز کے ذریعے امداد فراہم کررہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی علاقوں میں بھی سیلاب اور بارشوں سے بڑی سطح پر نقصانات ہوئے ہیں۔ سندھ کے متاثرہ علاقوں کے لیے گذشتہ روز گرانٹ کااعلان بھی کیا گیا۔ سکھر اور شدیدمتاثرہ علاقوں میں امدادی اور میڈیکل کیمپس کے قیام پر این ڈی ایم اے کےمشکور ہیں۔ہمیں ہمت سے کام لینا ہوگا اور مل کر موجودہ صورتحال سے نمٹنا ہوگا۔