'ہم سیلاب سے نمٹ رہے جبکہ اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیل رہی ہے'
01:40 PM, 27 Aug, 2022
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پی پی چیئرمین بلاول بھٹو نے اپوزیشن قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سیلاب سے نمٹ رہے ہیں جبکہ حزب اختلاف جلسہ جلسہ کھیل رہی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کو ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زراری نے کہا کہ میں نے پاکستان میں سیلاب کے باعث اپنا یورپ کا دورہ منسوخ کردیا ہے، ترجیح سیلاب متاثرین کا ساتھ دینا ہے۔ اس وقت اپوزیشن کی مرضی ہے، وہ جلسہ جلسہ کھیلنا چاہے تو کھیلتی رہے، ہماری ترجیح مون سون سیلاب متاثرین کے دکھ اور درد میں شامل ہونا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بارشوں سے سب سے زیادہ سندھ متاثر ہوا ہے، پورا سندھ اور ہر ضلع سیلاب زدہ قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب خشک علاقوں کی طرف لوگ آ رہے ہیں، لاڑکانہ سے 80 ہزار خاندان نقل مکانی کر چکے ہیں، جنہیں سہولیات کی فراہمی فوری چیلنج ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بارشوں میں بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان میں شدید نقصان ہوا ہے۔ ٹینٹ دیں گے، اسکول، کالجز یا جو بھی سرکاری عمارت ہے وہاں ٹھہرایا جائے گا، دنیا میں ایسی کوئی حکومت نہیں جو اس پیمانے پر آئی قدرتی آفت سے مقابلے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا میں ایسی مثال نہیں دیکھی کہ اتنی بڑی قدرتی آفت ہو اور سیاست چلتی رہے۔ ہمارے مخالفین حکومت میں ہوں یا اپوزیشن میں، سندھ میں سیلاب متاثرین کی مدد میں دلچسپی نہیں لیتے۔ اُن کا کہنا تھا کہ سال 2020ء میں سندھ کے عوام متاثر ہوئے تھے، اُس وقت عمران خان وزیر اعظم تھے، انہوں نے ہمارے سیلاب متاثرین کا ساتھ نہیں دیا۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ آج عمران خان اپوزیشن میں ہیں، ان کے اپنے صوبے خیبرپختونخوا میں سیلاب آرہا ہے، مگر وہ جلسہ جلسہ کھیل رہے ہیں، یہ بہت ہی افسوسناک ہے۔