جلاو گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں کوئی اور افراد تھے، چئیرمین پی ٹی آئی

01:12 PM, 27 Aug, 2023

احمد علی
اٹک : چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ 9 مئی جلاو گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں کوئی اور افراد تھے۔ 9 مئی جلاو گھیراؤ پر جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کی،ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے چئیرمین پی ٹی آئی سے جیل میں 6 مقدمات کی تفتیش کی۔ چیئرمین پی ٹی آئی پر 9 مئی سے متعلق دہشت گردی کے 6 مقدمات درج ہیں ، جے آئی ٹی نے جمعہ کے روز چیئرمین پی ٹی آئی سے سوالات کئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ 9 مئی کو آپ کی جانب سے اشتعال دلانے کے شواہد موجود ہیں، جس پر انہوں نے جواب دیا کہ میں گرفتار ہو گیا تھا کسی کو فون کر کے اشتعال نہیں دلایا۔ جے آئی ٹی نے پوچھا کہ لوگ کنٹونمنٹ کے علاقے میں کیوں گئے تھے؟ جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے جواب دیا کہ جنھوں نے پکڑا تھا انہی کی طرف جانا تھا آپ کے لوگ پکڑتے تو تھانوں کی طرف جاتے۔ جے آئی ٹی نے سوال کیا کہ ایسی ویڈیوز، کلپس ہیں جن میں مظاہرین آپ کا نام لیتے نظر آتے ہیں، ان کی طرف سے جواب میں کہا گیا کہ کسی کو نہیں اکسایا سب اپنے طور پر کنٹومنٹ کے علاقے میں گئے، جلاو گھیراؤ میں میری پارٹی کے کارکن نہیں کوئی اور افراد تھے۔ جے آئی ٹی نے سوال پوچھا کہ آپ کے اسلم اقبال، حماد اظہر، مراد سعید سے رابطوں کچھ شواہد ملے ہیں، جس پر وہ پولے کہ رابطے کرنا کون سا جرم ہے، آپ کو جو بات کرنی ہے میرے وکیل سے کریں،اس پر جے آئی ٹی ممبران کی جانب سے کہا گیا کہ وکیل کو آپ عدالت میں بلائیے گا ہم آپ سے تفیش کرنے آئے ہیں۔
مزیدخبریں