بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی کا 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان
07:05 PM, 27 Aug, 2023
لاہور: بجلی کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف جماعت اسلامی نے 2 ستمبر کو ملک گیر ہڑتال کا اعلان کردیا ہے۔ لاہور میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت سراج الحق نے کہا کہ ملک میں مہنگائی معاشی دہشت گردوں کی وجہ سے ہے، حکمرانوں نے شوگر ملز اور جائیدادوں میں اضافہ کیا، اگر کسی قوم پرایٹم بم استعمال ہو تو وہ اٹھ سکتی ہے لیکن اخلاق تباہ ہوجائے تو کبھی نہیں اٹھ سکتی۔ سراج الحق نے کہا کہ حیران ہوں پن بجلی کی قیمت 6.94 روپے ہے، نااہل حکومت و انتظامیہ مہنگا کوئلہ، گیس اور آئل درآمد کرکے روز ڈاکہ ڈال رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں نے عوام کو پریشان کر دیا ہے، ایک پنکھا اور چار بلب جلانے والوں کو چالیس ہزار روپے بل آ گیا ہے۔ ان کا کہناتھا کہ حکومت کو خبردار کرتے ہیں بجلی کا فیصلہ واپس لے، ظالمانہ فیصلے کو نہیں مانتے، کراچی سے چترال تک بلوں کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ کراچی سے چترال تک ظالمانہ فیصلوں اور بجلی کی قیمتوں کے خلاف 2 ستمبر کو ہڑتال کریں گے اور حکومت کو مجبور کریں گے بجلی کے فیصلے واپس کرے۔