(ویب ڈیسک ) سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 25 خوارج کو جہنم واصل کردیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز خیبر کے ضلع تیراہ میں فتنہ الخوارج اور نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے خلاف وسیع انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ انٹیلی جنس پر مبنی ان کارروائیوں کے نتیجے میں فتنہ الخوارج اور اس سے وابستہ افراد کو بڑے دھچکے لگے ہیں،20 اگست 2024 سے کئے جانے والے ان جرات مندانہ اور انتہائی کامیاب IBOs کے دوران، سیکورٹی فورسز نے اب تک 25 خوارج کو جہنم واصل کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشنز کے دوران خارجی سرغنہ ابوذر صدام کو جہنم واصل کر دیا گیا جبکہ 11 خوارج زخمی ہوئے ہیں، تاہم آپریشن کے دوران 4 بہادر سپاہیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ان کارروائیوں میں فتنہ الخوارج کو پہنچنے والا بھاری نقصان ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز کی بہادری اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
صدر مملکت کا خراج تحسین:
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ضلع خیبر میں فتنہ الخواراج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر خراج تحسین پیش کیا۔آصف علی زرداری نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جرات مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا۔
صدر مملکت نے آپریشن میں جوانوں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے، ملک کے امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، مادر ِوطن کے تحفظ کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات ، ورثاء کے لیےصبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر اعظم شہباز شریف کا خراج عقیدت:
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے وادی تیراہ،ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج، نام نہاد لشکر اسلام اور جماعت الاحرار کے دھشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر پزیرائی کی۔
شہباز شریف نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے بہادر افسران و جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہائی مطلوب دھشتگرد خارجی لیڈران سمیت 25 دھشتگردوں کو جہنم واصل کیا اور گیارہ کو زخمی کرکے گرفتار کیا. آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے افواجِ پاکستان کے جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے.
وزیرِ اعظم نے کہا کہ ملک میں امن کے قیام کیلئے افواجِ پاکستان کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں. دھشتگردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے. فتنہ الخوارج کو کسی صورت ملک میں انتشار اور بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دیں گے. دھشتگردی کے ملک سے خاتمے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے.
وزیر داخلہ محسن نقوی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبر کے علاقے تیراہ میں فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کامیاب آپریشن کرکے فتنہ الخوارج کے 25 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے 4 سپاہیوں کی قربانی کو سلام پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا گیا۔سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
اسپیکر قومی اسمبلی کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین:
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وادی تیرہ میں فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران 25 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسپیکر نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے قوم کے جری سپوتوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شہداء کے اہلخانہ کے غم اور دکھ میں برابر کا شریک ہوں، پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے پر عزم ہیں، سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوان پوری قوت کے ساتھ دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں،پاک فوج کے بہادر جوان پوری قوم کے تعاون سے دہشتگردی پر قابو پانے میں جلد کامیاب ہونگے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں اور یہ پاکستان کے ترقی اور خوشحالی سے خائف ہیں، دہشتگرد اور ان کے سہولت کار بہت جلد اپنے انجام کو پہنچیں گے، دہشتگردی کی خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پاکستان کے دشمن اپنی مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیاب نہیں ہونگے،شہداء کی قربانیوں اور ان کے اہلخانہ کے صبر اور حوصلے کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا،اسپیکر کی اللہ تعالیٰ سے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل عطاء فرمانے کی دعا۔