الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردئیے

10:10 AM, 27 Dec, 2022

احمد علی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کردیئے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے 5 رکنی بینچ نے اسلام آبادہائیکورٹ کے حکم پر اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس سماعت کی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اسلام آباد میں 2 بار حلقہ بندیاں ہو چکی ہیں۔پنجاب میں بھی 2 بار حلقہ بندیاں ہو چکیں، تیسری بار ہونے جارہی ہیں، حکومت کو پہلے خیال کیوں نہیں آیا کہ وقت پر یوسیز بڑھا لینی چاہئیں؟۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حکومت نے کمیشن کو ایک پیچیدہ صورتحال میں ڈال دیا ہے، آرٹیکل 148 میں لکھا ہے کہ لوکل قانون کے مطابق الیکشن کرانے ہیں، اب وہ قانون ہی بدل دیا جائے تو پھر کیا کیا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوئی ایسی قانون سازی ہو کہ لوکل گورنمنٹ الیکشن اپنے وقت پر ہوں، ہمیں صوبوں میں بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے، میئر کا انتخاب ڈائریکٹ کردیا گیا ہے، ہمارے پاس تو ان کے کاغذات نامزدگی بھی نہیں، کیا پتا کل پھر یونین کونسل کی تعداد کم کر دی جائے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم پارلیمنٹ کو لکھیں گے کہ بلدیاتی انتخابات بروقت مکمل ہونے چاہئیں، آئین میں بلدیاتی انتخابات کرانا لازم ہے، خدشہ ہے حکومت حلقہ بندی کے بعد دوبارہ یونین کونسلز میں ردوبدل نہ کردے، حکومت کہیں تو اس چیز کو روکے۔
مزیدخبریں