پی ٹی آئی کا استعفوں کی تصدیق کیلئے قومی اسمبلی جانے کا پلان ملتوی
11:03 AM, 27 Dec, 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی کے استعفوں کی تصدیق کے سلسلے میں پی ٹی آئی ارکان کا کل قومی اسمبلی جانے کا پلان ملتوی کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹٰی آئی ) کا استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی جانے کا پلان ایک بار پھر ملتوی ہو گیا ہے ۔ فیصلہ اسپیکر قومی اسمبلی کی عدم دستیابی کے باعث کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کل خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں بھی جمع نہیں ہوں گے، جہاں سابق وزیر اعظم اور پی ٹی آئی کے پارٹی چیئرمین عمران خان نے کل خطاب کرنا تھا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان نے استعفوں کی تصدیق کے لیے کل 28 دسمبر کو قومی اسمبلی جانے کا اعلان کیا تھا لہذا اس سلسلے میں طے پایا تھا کہ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی 28 دسمبر بدھ کے روز خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہوں گے، جہاں پارٹی چیئرمین عمران خان ارکان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے شاہ محمود قریشی کی قیادت میں پارلیمنٹ جا کر اسپیکر کے سامنے پیش ہوکر اپنے استعفوں کی تصدیق کرنا تھی تاہم اب بتایا جا رہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کی عدم دستیابی کے باعث یہ پلان ملتوی کر دیا گیا ہے۔