مجھے دشمنی جاری رکھنے کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی، ابھی نندن

06:07 AM, 27 Feb, 2021

احمد علی

راولپنڈی(پبلک نیوز) بھارتی پائلٹ ابھی نندن نے پاک فوج کو دو سال قبل دیئے گئے بیان میں کہا تھا کہ لڑائی تب ہوتی ہے جب امن نہیں ہوتا، مجھے یہ نہیں پتہ امن لانے کے لیے کیا کرنا چاہیے تاہم مجھے صرف یہ پتہ ہے کہ امن ہونا چاہیے۔

پاکستان آرمی نے دو برس قبل گرفتار ہونے والے بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کا بیان جاری کر دیا۔

ونگ کمانڈر ابھی نندن نے منظرعام  پر آنے والے بیان میں کہا کہ اُوپر سے نیچے آتے ہوئے پیراشوٹ میں نے دونوں ملک دیکھے ہیں،  مجھے دونوں ملکوں میں کچھ فرق پتہ نہیں چلا، جب گِرا تھا تو مجھے پتہ بھی نہیں تھا کہ میں پاکستان میں ہوں یا اپنے بھارت میں ہوں، کیونکہ دونوں ملک ایک جیسے ہی لگتے تھے، سارے لوگ بھی مجھے ایک جیسے لگے۔

بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن نے کہا کہ مجھے کافی گہری چوٹ لگی تھی، میں ہل نہیں پا رہا تھا، یہ جاننے کی کوشش کی کہ میں کون سے مُلک میں ہوں، جب مُجھے لگا، میں اپنے مُلک میں نہیں ہوں تو بھاگنے کی کوشش کی، میرے پیچھے لوگ آئے جو کافی پرجوش تھے وہ چاہتے تھے کہ وہ مجھے پکڑ لیں، اس وقت پاکستانی آرمی کے کپتان آئے اور مجھے لوگوں سے بچا کر اپنی یونٹ میں لے گئے۔

دوران حراست ونگ کمانڈر ابھی نندن نے  پاکستانی خاطر مدارت کا بھی اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا میں نے پاک فوج کو ایک پیشہ وارانہ فورس پایا۔

مزیدخبریں