کراچی (پبلک نیوز) سندھ کاونٹرٹیررازم ڈپارٹمنٹ نے چار سال بعد ریڈ بک تیار کرلی۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ریڈ بک کے نئے ایڈیشن کا جلد اجراء کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی پولیس کی جانب سے چار سال بعد ریڈ بک تیار کرلی گئی ہے، ریڈ بک کا 9واں ایڈیشن جلد جاری کیا جائے گا۔ نئی ریڈ بک میں قوم پرست جماعت کے دہشت گردوں کے نام بھی شامل ہیں۔ ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اور ہیڈ منی والے شرپسندوں کے نام شامل کئے گئے ہیں۔ ریڈ بک تمام اداروں سے شئیر بھی کی جائے گی۔
اس سے قبل دو ہزار سترہ میں سی ٹی ڈی کی جانب سے ریڈ بک جاری کی گئی تھی جس میں دہشت گردوں کے نام عرفیت سمیت دیگر معلومات، تصویر، کریمنل ریکارڈ، ہیڈ منی اور دہشت گرد تنظیموں سے تعلق بتایا گیا تھا۔
آئی ایس آئی ایس، القاعدہ سمیت 60 کے قریب دہشت گردوں سمیت دیگر کی تفصیلات بھی ریڈ بک میں فراہم کی گئی تھیں۔