پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہو چکی ہے، شاہ محمود قریشی
10:41 AM, 27 Feb, 2022
پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سندھ تک محدود ہو چکی ہے، حکمرانوں نے سندھ کے خزانے اپنی تجوریوں میں بھر لئے ہیں اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، صوبے میں لاقانونیت عروج پر ہے، باشعور اور خوددار لوگوں کو اب اپنی تقدیر کا فیصلہ کرنا ہو گا. سکھر میں سندھ حقوق مارچ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جا رہا ہے، نااہل اور کرپٹ حکمرانوں کو عوام کے حقوق پر مزید ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں لوگوں کو صحت کارڈ کی سہولت میسر ہے، سندھی کیوں محروم ہیں، وفاق سندھ کے لوگوں کو بھی صحت کارڈ کی سہولت فراہم کرنا چاہتا ہے، پیپلزپارٹی سندھ حکومت بتائے کہ وہ راستے میں رکاوٹ کیوں بن رہی ہے؟ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ پندرہ سال سے سندھ میں برسر اقتدار ہے، سندھ کے وسائل کو جس بے دردی سے استعمال کیا جا رہا ہے وہ سب کے سامنے ہے اسلئے لوگوں کو اپنے مستقبل کے بارے سوچنا ہے، آج بلاول زرداری کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کے مسائل کا حل لیکر وفاقی حکومت کے خلاف نکلیں گے، تو سب سے پہلے پاکستان کی عوام یہ جاننا چاہتی ہے کہ پندرہ سال سے آپ مسلسل برسر اقتدار ہیں، سندھ کی حالت تبدیل نہیں کی، سندھیوں کو سنوار نہیں سکے تو دیگر پاکستان کے علاقوں کو کیا پیغام دینے کیلئے نکل رہے ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پندرہ سال کوئی معمولی وقت نہیں ہے، لوگوں نے بارہا آپ کو موقع دیا، مقامی اور صوبائی حکومت کے اختیارات آپ کے پاس، وفاق کی طرف سے ساتویں فنانس ایوارڈز کے تحت وسیع تر وسائل مہیا کئے گئے لیکن لوگ پوچھتے ہیں کہ آج سندھ میں تعلیم اور صحت کے حالات کیا ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے امن و امان کی صورتحال بگڑتی جا رہی ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ لوگ سندھ کی حالت بدلنے کے منتظر ہیں، سندھ کی حالت سندھ کے عوام نے بدلنی ہے، ہم نے صرف متبادل سوچ، منشور اور قیادت فراہم کرنی ہے، فیصلہ آپ نے کرنا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان نے سندھ اسمبلی میں جسطرح سے کردار ادا کیا انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔