نشے کی حالت میں گاڑی کا ایکسیڈنٹ، بھارت کے لیجنڈ کرکٹر گرفتار

04:45 PM, 27 Feb, 2022

احمد علی
نئی دہلی: ہندوستان کے لیجنڈ کرکٹر ونود کامبلی کو اتوار کی سہ پہر ممبئی کے باندرہ میں ان کی رہائشی سوسائٹی کے گیٹ سے مبینہ طور پر کار ٹکرانے کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔واضح رہے کہ کامبلی اکثر میڈیا کی خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں. ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ کامبلی نے واقعے کے بعد کمپلیکس کے چوکیدار اور کچھ رہائشیوں کے ساتھ مبینہ طور پر بحث بھی کی۔ بعد میں ا نہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کامبلی کے خلاف باندرہ پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی دفعہ 279 (لاپرواہی سے گاڑی چلانا)، 336 (دوسرے افراد کی جان اور حفاظت کو خطرے میں ڈالنا) اور 427 (نقصان پہنچانے کا کام) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے . آپ کو بتاتے چلیں کہ ونود کامبلی کچھ عرصہ قبل آن لائن فراڈ کا شکار بھی ہوئے تھے۔ کامبلی کو سائبر ٹھگوں نے ایک لاکھ روپے کا دھوکہ دیا تھا جس کے بعد باندرہ پولیس اسٹیشن میں اس سلسلے میں کیس درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ایک شخص نے بینک افسر کا روپ دھار کر کامبلی کو بلایا اور اسے ایک 'لنک' بھیجا. کامبلی نے جیسے ہی وہ لنک کھولا، کچھ دیر بعد ان کے اکاؤنٹ سے ایک لاکھ روپے نکل گئے۔ اپنے کیریئر کے دوران ونود کامبلی نے 17 ٹیسٹ میچوں کی 21 اننگز میں 54.20 کی اوسط سے کل 1084 رنز بنائے۔ ان کا بہترین اسکور 227 رنز تھا۔ انہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں کل 4 سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔ ون ڈے کرکٹ میں، کامبلی نے 104 میچوں کی 97 اننگز میں 32.59 کی اوسط سے کل 2477 رنز بنائے۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ کامبلی ایک تجربہ کار کرکٹر کے طور پر کرکٹ کو الوداع کہہ دیں گے۔ لیکن ان کا کیریئر تنازعات کے بعد ختم ہو گیا۔
مزیدخبریں