ویب ڈیسک: علیمہ خان نے کہا ہے کہ لوگوں کا مینڈیٹ چوری کرنے والے معاملے پر سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنا ہو گا۔ 9 فروری کو جو دھاندلی پاکستان میں ہوئی وہ کبھی تاریخ میں نہیں ہوئی .
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 فروری کو جو دھاندلی پاکستان میں ہوئی وہ تاریخ میں نہیں ہوئی، جن لوگوں کو اقتدار دیا گیا ان کے لیے ابھی بھی سیٹیں چھیننے کا سلسلہ جاری۔ چوری کیا گیا ووٹ امیدواروں کا نہیں عوام کا تھا۔ 2 سالوں سے لوگوں کو پکڑا جارہا ہے، لوگوں کے گھروں کو توڑا جارہا ہے ،میرے ساتھ موجود خواتین جیل کاٹ کر آئی ہیں جو ضمانت پر ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جو ظلم کیا جارہا ہے وہ اب لوگ سمجھ چکے ہیں۔ اقتدار میں بیٹھے لوگ خوشیاں منا رہے ہیں، اقتدار کے لوگ چوری کا ووٹ لے کر گئے،لوگوں کا مینڈیٹ چوری کرنے والے معاملے پر سپریم کورٹ کو فیصلہ کرنا ہو گا۔
میڈیا ٹاک کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مینڈیٹ چوری کے معاملے پر ہم ہائی کورٹ جا چکے ہیں۔ انتخابات کے حوالے سے سارا ڈیٹا سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا گیا۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز کو سمجھ آ گئی ہے کہ کیسے دھاندلی ہوئی ہے۔ تمام 45 فارم منظر عام پر آ چکے ہیں ان کے مطابق نتائج جاری کرنا ہو گا۔
علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ یہ ووٹ عوام کا ہے، جن لوگوں نے اس کی حفاظت کرنا تھی انہوں نے نہیں کی ہے۔