قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ۔
شاہد آفریدی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی اطلاع منیجر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اعظم خان نے دی ہے۔ منیجر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اعظم خان کا کہنا ہے کہ کورونا مثبت آنے کے بعد شاہد آفریدی گھر میں ہی قرنطینہ کریں گے ، شاہد آفریدی کل ببل چھوڑ کر چند گھنٹوں کیلئے اسپتال گئے تھے۔انہوں نے بتایا کہ اسپتال سے واپسی پر ان کا کورونا ٹیسٹ ہوا جو مثبت آیا ہے۔
اعظم خان کا بتانا ہے کہ شاہد آفریدی کو گھر بھیج دیا گیا ہے وہ گھر میں قرنطینہ مکمل کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ شاہد آفریدی سات روزہ آئسولیشن مکمل کریں گے، شاہد آفریدی کو کوویڈ کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔
شاہد آفریدی سات دن کے قرنطینہ اور منفی ٹیسٹ کے بعد ممکنہ طور پر دوبارہ اسکواڈ میں شامل ہو جائیں گے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز شاہد آفریدی نے شدید کمر کی تکلیف کے باعث بائیو سیکیور ببل سے باہر جانے کی درخواست کی تھی۔
شاہد آفریدی کی پی ایس ایل میچز میں شرکت کے حوالے سے کہا جارہا تھا کہ شاہد آفریدی کی شرکت نجی مصروفیات اور صحتیابی پر منحصر ہے۔یاد رہے کہ 13 جون 2020 کو بھی شاہد آفریدی کورونا میں مبتلا ہوئے تھے ، انہوں نے اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں بتایا تھا کہ میں چند دنوں سے اچھا محسوس نہیں کر رہا تھا اور میرے جسم میں بہت درد تھا، اس کے بعد میں نے کورونا ٹیسٹ کروایا جو بدقسمتی سے مثبت آیا۔