ویب ڈیسک: ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں گیس سے بھرے باؤزر میں دھماکے سے 5 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق ایل پی جی باؤزر میں دھماکے سے آگ لگ گئی اور باؤزر پھٹنے سے ٹکڑے قریبی آبادی پر جا گرے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ کئی گھنٹوں کی جدو جہد کے بعد آگ بجھا دی گئی ، آگ بجھانے میں 10سے زائد گاڑیوں نے حصہ لیا اور فوم بھی استعمال کی گئی ۔
سی پی او ملتان صادق علی کاکہنا ہے کہ گیس باؤزر دھماکے میں کئی مکانات تباہ اور جانور جھلس کر ہلاک ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی باؤزر سے گیس کا اخراج جاری ہے، علاقےکو خالی کرالیا ہے ، باؤزر دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہوئے ، 13 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہناہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی سمیت 3 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کا کہنا ہے کہ نشتر اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ،ملحقہ آبادیوں میں سرچ آپریشن جاری ہے ۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق جائے حادثہ اور اطراف میں بجلی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی جبکہ ملتان مظفرگڑھ روڈ کو اب ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
صدرمملکت کااظہارافسوس:
صدر آصف علی زرداری نے ملتان میں ایل پی جی باؤزر پھٹنے کے واقعے میں جانی نقصان، متعدد افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ صدر مملکت نے واقعہ میں 5 افراد کے جانبحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہارکیا اورجانبحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
صدر مملکت نے جانبحق افراد کے لیے دعائے مغفرت، ورثاء کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔صدر مملکت نے زخمیوں کیلئے جلد صحتیابی کی بھی دعا کی۔
وزیراعظم کا اظہار افسوس:
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملتان میں ایل پی جی سے بھرا باؤزر پھٹنے سے 5 افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔وزیراعظم نے جاں بحق ہونے والے افراد کے لیے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعاکی اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
وزیراعظم نے باؤزر پھٹنے کی وجوہات جاننے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی ہدایت بھی کی ہے۔
قائد حزب اختلاف کااظہار افسوس:
قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے ملتان میں ایل پی جی سے بھرا باؤزر پھٹنے سے 5 افراد کی ہلاکت اور متعدد افراد کے زخمی ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔ا نہوں نے جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر و استقامت کی دعا کی۔
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا واقعے پر گہرےدکھ کا اظہار:
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ملتان انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایل پی جی کنیٹنرپھٹنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔انہوں نےسوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت بھی کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ایل پی جی کے استعمال کے ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔
بلاول بھٹوزرداری کا اظہارافسوس:
پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملتان میں باؤزر دھماکہ میں جانی و مالی نقصان پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انڈسٹریل اسٹیٹ میں پیش آنے والے حادثہ کے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اندوہناک حادثے کی فوری تحقیقات اور متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جائے۔حادثے کے زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کو بھی یقینی بنایا جائے۔مستقبل میں اس طرح کے حادثات سے بچنے کے لیےملک بھر میں مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔