ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کی گرفتاری اور رہائی
10:12 AM, 27 Jul, 2021
لاہور(پبلک نیوز) پنجاب پولیس نے تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کو گرفتار کر لیا تاہم بعدازں انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں رہائی کا پروانہ ملا. تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کے مشیر شہزاد اکبر کی جانب سے درج کرائے گئے مقدمے میں تحریک انصاف جہانگیر ترین گروپ کے ایم پی اے نذیر چوہان کی گرفتاری سامنے آئی تھی. پی ٹی آئی کے باغی رہنماء کو تھانہ سول لائنز کی پولیس نے ایل ڈی اے کمپلیکس کے قریب سے گرفتار کیا . بعدازاں عدالت نے نذیر چوہان کو رہا کرنے کا حکم دیا ، عدالت نے ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض انکی ضمانت منظور کر لی.عدالت کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف درج دفعات قابل ضمانت ہیں ۔اگر ملزم ایک لاکھ روپے کے مچلکے دے تو ضمانت پر رہا کر دیا جائے اور اگر ملزم ضمانت پر رہا نہ ہو تو ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجا جائے ۔ ملزم کو جیل سے آئندہ سماعت پر 10 اگست کو پیش کیا جائے ۔ یاد رہے کہ مشیر داخلہ و احتساب نے ترین گروپ کے ایم پی اے کے خلاف مئی کے مہینے میں مقدمہ درج کرایا تھا۔ان کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا تھا کہ نذیر چوہان نےنجی ٹی وی میں انکے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے جن سے انکی زندگی کو خطرہ ہو سکتا ہے. بعدازاں ایم پی اے کی جانب سے پولیس کو گرفتاری بھی پیش کش کی گئی تاہم پولیس نے اس وقت انہیں گرفتار نہیں کیا تھا .