قوانین میں اصلاحات کی بجائے نیب کو ختم کیا جائے
11:59 AM, 27 Jul, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز ) جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ دھاندلی کی پیداوار حکومت سے انتخابی اصلاحات یا منصفانہ الیکشن کی ضمانت ملنے کی توقع نہیں ، حزب اختلاف کی قیادت خود باہمی مشاورت سے اصلاحات کے حوالہ سے بنیادی اصول متعین کرے اور اس کے نفاذ بارے تجاویز بھی طے کرے، اسٹبلشمنٹ کو انتخابی عمل سے لاتعلق کیا جائے۔ جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ایک بیان میں کہا کہ اسٹبلشمنٹ کے انتخابی عمل سے دور ہو جانےکےبعدہی شفاف الیکشن کی ضمانت مل سکتی ہے، یہاں تو ووٹ ڈالے کسی اور کو جاتے ہیں لیکن گنے کسی اور کے جاتے ہیں ، اب تویوں لگتاہے کہ الیکشن ووٹ ڈالنے کا نہیں ووٹ گننے کا نام ہے، گلگت بلتستان اور کشمیر انتخابات کے بعد مجھے سقوط ڈھاکہ کی طرح سقوط کشمیر کی بنیاد پڑتی نظر آ رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر الیکشن سے ایک دن قبل عمران خان کی کشمیر ریفرنڈم کی بات کشمیر پر ہمارے روایتی موقف کے خلاف ہے ، کیا عمران کے پاس یہ مینڈیٹ ہے کہ وہ کشمیر بارے ریاستی موقف سے ہٹ کے بات کرے، نیب قوانین میں اصلاحات کی بجائے نیب کو مکمل طور پہ ختم کیا جائے ، یہ ایک ڈکٹیٹر کا بنایا ہوا ادارہ ہے جسے سیاستدانوں کے خلاف استعمال کیا گیا۔