امریکی صدر کا عراق میں جنگی آپریشن ختم کرنے کا اعلان

03:35 PM, 27 Jul, 2021

احمد علی
ویب ڈیسک: امریکہ کے صدر جوبائیڈن کی جانب سے عراق میں جاری جنگی آپریشن کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ کے صدر جوبائیڈن اور عراق کے وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی کے درمیان وائٹ ہاؤس میں انتہائی اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں جوبائیڈن کی جانب سے کہا گیا کہ عراق اور امریکہ کے تعلقات اب ایک نئے مرحلہ میں داخل ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے بیچ سکیورٹی تعاون جاری رہے گا۔ امریکی صدر نے مزید واضح کیا کہ داعش بڑا خطرہ ہے، لہذا امریکہ عراقی فوج کی نہ صرف تربیت جاری رکھے گا بلکہ مدد بھی نہیں روکی جائے گی۔ امریکی افواج 2021 کے اواخر تک عراق میں کسی قسم کا کوئی بھی جنگی آپریشن نہیں کریں گی۔ جوبائیڈن کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ اور عراق اسٹریٹجک شراکت دار ہیں۔ پہلے امریکہ کی جانب سے عراق کی مدد کی جا رہی تھی مگر اب مل کر داعش کا مقابلہ کیا جائے گا۔ ملاقات میں عراقی وزیراعظم نے کہا کہ آج عراق اور امریکہ کے درمیان تعلقات ماضی کی نسبت زیادہ بہتر اور مضبوط ہیں۔
مزیدخبریں