سبطین خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ
12:23 PM, 27 Jul, 2022
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی ) کے رہنما سبطین خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی،ملاقات میں عمران خان نے پرویزالٰہی کو وزارتِ اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ، جس پر چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کے اعتماد کے اظہار کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں کابینہ سمیت اہم تقرریوں پر مشاورت کی گئی۔ سبطین خان کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا گیا اور یہ بھی فیصلہ ہوا کہ ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے گی۔ واضح رہے کہ قبل ازیں پرویزالہٰی اسپیکر پنجاب اسمبلی تھے،تاہم گذشتہ روز سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد وہ وزیراعلیٰ پنجاب بن گئے تھے۔