' ہمیں ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے '
04:30 PM, 27 Jul, 2022
اسلام آباد: پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہمیں ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے۔ سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) مولانا فضل الرحمان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب پنجاب حکومت کی خیر مناؤ جو چند دن کی مہمان ہے ، تم نے امریکہ کی سپورٹ پر، این جی او اور اداروں کی سپورٹ پر سیاست کی ہے، پی ٹی آئی جیسی سیاست پر لعنت بھیجتا ہے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ کا گھر بھی امریکی قونصلیٹ سے چلا اور بنا ، ہم اس سیاست کو دفن کردیں گے اس سیاست کو چلنے نہیں دینگے،ہم عمران خان کے بوگس بیانیہ کو زمیں بوس کرچکے ہیں اور یہ جنگ جیت چکے ہیں ۔ پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ تم حادثات کے ذریعے اپنی سیاست چمکانہ چاہتے ہو اب ایسا نہیں ہونے دیں گے ۔اگر قانون میں کہیں سقم ہے تو اس پر قانون سازی ہونی چاہیے ، سپیکر قومی اسمبلی کو کہا ہے کہ تحقیقات کرکے استعفوں کو قبول کریں ، یہ سپیکر قومی اسمبلی کی صوابدید ہے کہ وہ کب استعفے منظور کرتے ہیں ۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں ادارے سے کوئی گلہ نہیں البتہ اٹک پار سے شکوہ ضرور ہے۔ اپنی حکومت سے میری شکایت ہے، فارن فنڈنگ ، مالم جبہ، ہیلی کاپٹر کیس، بی آر ٹی، کیوں ان کیسز کا فیصلہ نہیں ہورہا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پہلے کی طرح اب بھی عمران خان کے بیانیہ کو ناکام بنائینگے ، کبھی کہتا ہے امریکی مراسلہ آیا، جھوٹ ثابت ہوا ، کبھی کہتا ہے کہ مجھے کوئی قتل کرنا چاہتا ہے آپ کو کوئی کیوں قتل کرے گا ، سب جھوٹ پھیلا رہا ہے۔