ویوز کیلئے نادر علی اندھے ہوجاتے ہیں، متھیرا
08:00 PM, 27 Jul, 2023
پاکستانی اداکارہ اور میزبان متھیرا نے شو کے دوران یوٹیوبر نادر علی کو خواتین کے ساتھ غیر مناسب طریقے سے پیش آنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔ نجی میڈیا پر ایک ٹی وی شو کے دوران میزبان و اداکارہ متھیرا نے مہمان مبین الحق سے نادر علی اور سنیتا مارشل کے درمیان حال ہی میں ہونے والے تنازع سے متعلق سوال کیا اور ساتھ ہی نادر علی کے شو میں شرکت کے حوالے سے اپنے تجربے کے بارے ذکر کیا۔ مبین الحق کی جانب سے نادر علی کے دفاع پر متھیرا نے کہا کہ ویوز اور تنازع بنانے کے چکر میں نادر علی اندھے ہوجاتے ہیں، میں نادر علی کے وی لاگ میں شرکت کا تجربہ کرچکی ہوں لیکن وہ تجربہ اچھا نہیں تھا کیونکہ نادر علی خواتین سے بہتر رویہ نہیں رکھ پاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میں نادر علی کے پروگرام میں بطور مہمان شریک ہوئی تھی تاہم میرا یہ تجربہ اچھا نہیں رہا ہے، غیر مناسب سوالات کی وجہ سے بار بار ری ٹیک لینے پڑے تھے۔ متھیرا نے کہا کہ نادر علی کو عموماً خواتین پر اعتراض ہوتا ہے، وہ خواتین کے حوالے سے غلط سوالات کرتے ہیں جس کی وجہ سے شو میں شریک خواتین اچھا محسوس نہیں کرتیں، وہ خواتین کو مناسب عزت بھی نہیں دیتے۔ متھیرا نے دوران شو نادر علی کو مخاطب کرتے ہوئے خواتین کو عزت دینے کی درخواست بھی کی جب کہ اس کے برعکس انہوں نے میزبان تابش ہاشمی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ آئے اور چھاگئے ہیں۔ میزبان کی بات پر تابش ہاشمی کے حوالے سے متھیرا کی رائے سے ان کے مہمان یوٹیوبر مبین الحق نے بھی اتفاق کیا اور کہا کہ تابش کے ساتھ مہمان بھی بہت انجوائے کرتے ہیں، تابش کے سوالات اور مہمانوں کے ساتھ رویہ دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہ کراچی کا لڑکا ہے۔