جماعت اسلامی کےدھرنےکادوسرا روز، کارکنوں کے لیاقت باغ میں ڈیرے

11:56 AM, 27 Jul, 2024

ویب ڈیسک: مہنگائی، لوڈ شیڈنگ، اووربلنگ،آئی پی پیز  کیخلاف جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے لیاقت باغ میں جاری جماعت اسلامی کے دھرنے میں شرکاء بڑی تعداد میں موجود ہیں، دھرنے کی انتظامیہ کی جانب سے شرکاء کے لیے ناشتے کا خصوصی اہتمام کیا گیا۔

مہنگائی اور بجلی کےبلوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے دھرنے کے شرکاء نے مطالبات کی منظور ی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

جماعت اسلامی کے دھرنے کے باعث مریڑ حسن سے کمیٹی چوک تک مری روڈ مکمل بند ہے، میٹرو بس سروس آج دوسرے روز بھی بند ہے جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

میٹرو بس انتظامیہ نے گزشتہ روز صدر سے فیض آباد تک سروس معطل کی تھی، میٹرو بس سروس معطل ہونے سے راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کشمور سے آنے والا جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کا قافلہ بھی لیاقت باغ دھرنے میں پہنچ گیا، جماعت اسلامی اقلیتی ونگ کی جانب سے سندھ میں ڈاکو راج کے خلاف احتجاج  جاری ہے،کارکنان نے  پریا کماری کو فوری طور پر بازیاب کرانے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ فیض آباد ،ایکسپریس وے، فیض آباد سمیت شاہراہوں سے کنٹینر ہٹا دیےگئے،مری روڈ دھرنے کے مقام سے ملحقہ چار مقامات پرکنٹینر بدستور موجود ہیں۔

راولپنڈی لیاقت باغ کے سامنے پڑاو لگانے کے باعث صورتحال بدل گئی،دھرنے کے شرکاء نے لیاقت باغ سے مریڑ جانے والی سڑک کو بند کر دیا،مری روڈ پر چلنے والی ٹریفک اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب   جماعت اسلامی نے حکومت کی مذاکرات کیلئے 3 رکنی کمیٹی کی پیشکش قبول کر لی، جماعت اسلامی کی قیادت پر مشتمل کمیٹی حکومت سے مذاکرات کرے گی۔

حکومت نے جماعت اسلامی سے مذاکرات کیلئے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے، کمیٹی میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، طارق فضل چودھری اور امیر مقام شامل ہیں۔

جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنوں کو فوری رہا کرنے کا حکم جاری

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

جماعت اسلامی کے گرفتار کارکنوں کی رہائی کے حوالے سے وزیرداخلہ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی سے رابطہ کیا۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے گرفتار تمام کارکنان کو رہا کر دیا گیا ہے، ان کارکنان کو گرفتاری کے بعد تھانہ سیکریٹریٹ منتقل کیا گیا تھا۔

اسلام آباد پولیس اور جماعت اسلامی دونوں نے کارکنان کی رہائی کی تصدیق کردی ہے۔

مزیدخبریں