لاہور(ویب ڈیسک) پاکستانی مشہور اداکارہ اور ریڈیو پریزینٹر بیگم خورشید شاہد 95 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
بیٹے سلمان شاہد نے بیگم خورشید کی موت کی تصدیق کردی۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد وینٹیلیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، وہ کچھ عرصے سے ہسپتال میں تھیں۔ مرحومہ کی نماز جنازہ آج شام 4 بجے ڈیفنس فیز 2 میں ادا کی جائے گی جبکہ انکی کی تدفین فیز 7 قبرستان میں ہو گی۔
پاکستان کی بہترین اداکارہ بیگم خورشید نے نو عمریمیں دہلی میں اپنے کیریئر کا آغاز آل انڈیا ریڈیو میں بطور گلوکار اور اداکار دونوں ہی کیا تھا۔ بطور گلوکارہ انہوں نے لیجنڈری موسیقاروں سے تربیت حاصل کی تھی۔ اس کے بعد وہ 1947 میں پاکستان ہجرت کر کے لاہور کے تھیٹر کی ایک اہم رکن بن گئیں۔ انہوں نے 1964 میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن میں شمولیت اختیار کی اور اگلی دو دہائیوں تک ٹیلی ویژن کے ذریعہ تیار کردہ کچھ بہترین ڈراموں میں کام کیا۔
انہیں پاکستان کے ایک اعلی سول ایوارڈ پرائڈ آف پرفارمنس سے بھی نوازا گیا تھا۔ 90 کی دہائی میں انہوں نے آہستہ آہستہ ٹیلی ویژن سے علیحدگی اختیار کر لی تھی کیونکہ انہیں لگا کہ میڈیم بہت تیزی سے کمرشل ہوتا جارہا ہے اور مسلسل زوال پزیر ہے۔