'عمران خان بیرونی ممالک سے ملکی اداروں پر اٹیک کروا رہا ہے'

03:22 PM, 27 Jun, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان بیرونی ممالک سے ملکی اداروں پر اٹیک کروا رہا ہے، مسجد نبوی واقعے میں ملوث افراد برطانیہ سے آئے ہوئے تھے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اتنا بہادر ہے کہ جب تک ضمانت نہیں ملی وہ خیبرپختونخوا سے باہر نہیں آیا، وقت بتائے گا کہ اس نے معاشرے کو کس طرح تباہ کیا؟ عمران خان نے پاکستان کا ماحول خراب کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری حکومت کو دو ماہ سے زائد ہو گئے ہیں کسی کے گریبان پر ہاتھ نہیں ڈالا، ہم قومی اداروں کو کسی مخالف کے خلاف استعمال نہیں کریں گے۔ جب تک کوئی قانون کو ہاتھ میں نہیں لے گا اس کے خلاف کارروائی نہیں کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے الزام عائد کیا کہ عمران خان بیرونی ممالک سے ملکی اداروں پر اٹیک کروا رہا ہے، مسجد نبوی واقعے میں ملوث افراد برطانیہ سے آئے ہوئے تھے۔ ان کاکہنا تھا کہ کہ پچھلی حکومت نے پاکستان میں عوام کو تقسیم کیا، اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں، عمران خان نے پاکستان اور ملک سے باہر بھی پاکستانیوں کا کلچر تباہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہر ملک کی پارلیمان کا احترام کرتے ہیں۔ کینیڈا کے ساتھ پاکستان کے اچھے تعلقات ہیں لیکن کینیڈا سمیت مغربی ممالک کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کیوں نظر نہیں آتے ہیں؟ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمارے آرمی چیف کا کینیڈا کا دورہ شیڈول تھا، کینیڈا کے ممبر پارلیمنٹ نے پاکستان اور پاکستان آرمی کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ ہماری افواج کی وجہ سے عمران خان اقتدار سے محروم ہوا ہے۔ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ کینیڈا میں بھی مسلمانوں کے ساتھ متعصبانہ رویہ اپنایا جاتا ہے، کینیڈا میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں جن کا ہمیں علم ہے۔
مزیدخبریں