قومی ٹیم 1992ء کے بعد دوسری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے، وسیم اکرم
10:06 PM, 27 Jun, 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہکہ بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ کیلئے پاکستان ٹیم فیورٹ ہے، قومی ٹیم 1992ء کے بعد دوسری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔ آئی سی سی پوڈ کاسٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سابق سٹار فاسٹ باولر نے کہا کہ بھارت میں ہونے والے میگا ایونٹ کی کنڈیشنز پاکستان کو سپورٹ کریں گی۔ اگر تمام کھلاڑیوں فٹ رہے تو ان کے لئے ورلڈکپ میں اچھا پرفارم کرنے کا موقع ہوگا، قومی ٹیم 1992ء کے بعد دوسری مرتبہ آئی سی سی ورلڈ کپ جیت سکتی ہے۔ وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ون ڈے فارمیٹ میں پاکستان کو دنیا کے نمبر ون بیٹر بابراعظم کی خدمات دستیاب ہیں، ٹیم میں محمد رضوان، امام الحق، شاہین آفریدی، نسیم شاہ کی صورت میں باصلاحیت اور بہترین کھلاڑی موجود ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ٹیم کچھ اچھا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا شوق رکھنے والا ہر شہری بابر اعظم کو فالو کرتا ہے، بابر کی کور ڈرائیو سب سے زیادہ خوبصورت ہے۔ خیال رہے کہ آئی سی سی نے ورلڈ کپ 2023 کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ ون ڈے ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا۔ پہلا میچ دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کوالیفائر ون سے حیدرآباد میں کھیلے گا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 15 اکتوبر کو احمدآباد میں ہی ہو گا۔ پاکستان ٹیم 6اکتوبر اور 12اکتوبر کو کوالیفائرز کیخلاف میچ کھیلے گی۔ پاکستان کا20 اکتوبر کو آسٹریلیا اور 23 اکتوبر کو افغانستان سے مقابلہ ہوگا،قومی ٹیم27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ، 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔ 5 نومبر کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا، جبکہ12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف میدان میں اُترے گی۔ پہلا سیمی فائنل ممبئی اور دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل انیس نومبر کو احمد آباد نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔