ویب ڈیسک: سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کیساتھ مذاکرات کرنے والا منہ کالا کرے گا۔
سیشن کورٹ اسلام آباد میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے بعد کے پی اور بلوچستان میں بھی حالات خراب ہو رہے ہیں، امریکی کانگریس کے 368 ارکان فارم 47 والے نہیں ہیں، قوم چین کے وزیر کی اسلام آباد میں تقریر پر بھی غور کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بتائے کسی ملک نے ان کو اب تک 5 ڈالر بھی دیئے ہیں، میرا بجلی کا بل ایک لاکھ 68 ہزار روپے آیا ہے، میری مارکیٹ کے 18 دکاندار دکانیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں، یہ حکومت اپنے کیسز ختم کرنے اور عوام کو بجلی کی تاروں پر لٹکانے آئی ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگلے ماہ کے آخر تک نوازشریف بھی اپنا بیانیہ بدل لیں گے، جب چور چوکیدار بن جائیں تو پھر اس ملک کا اللہ ہی حافظ ہے، جو بھی اس حکومت کیساتھ مذاکرات کرے گا وہ منہ کالا کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اصل مذاکرات فوج کیساتھ کئے جائیں اور درمیانی راستہ نکالاجائے، چور، ڈاکو، لٹیرے، ناکام، نااہل بجٹ پیش کرنے والی حکومت کو گھر بھیجا جائے۔