بہت کام کرنا ہے، تمام سکیموں کے پی سی ون 15 جولائی تک جمع کروائیں،مریم نواز

11:44 AM, 27 Jun, 2024

ویب ڈیسک: (نتاشارحمان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب میں بہت کام کرنا ہے۔ اس لیے تمام سکیموں کے پی سی ون 15 جولائی تک جمع کروادیے جائیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کا اجلاس ہوا۔ جس میں سالانہ ترقیاتی پروگرام 25-2024 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔  وزیراعلی مریم نواز شریف نے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ 

وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام پراجیکٹس کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے پی آئی ٹی بی کو ڈیش بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔ مریم نواز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ بہت کام کرنا ہے، تمام سکیموں کے پی سی ون 15 جولائی تک جمع کروائے جائیں۔ تمام سکیموں کو وقت پر مکمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ پراجیکٹ میں شفافیت،معیار اورمعیاد کی مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ گاڑیوں اور دفاتر پر خرچ ہوتا ہے تو ہسپتالوں پر کیوں نہیں۔ 

وزیراعلیٰ نے گوشت، جھینگوں، جانوروں اور گارمنٹس کی برآمدات کیلئے کمپنی بنانے کی ہدایت کردی۔ مریم نواز کو دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں موٹرویز کے ہر انٹرچینج پر ایمبولینس شروع کی جارہی ہے۔ 106ترقیاتی منصوبے غیر ملکی اداروں کی معاونت اوراشتراک کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے 400 ملین روپے فوری طور پر ریلیز کرنے کا حکم دیدیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فنڈز کے استعمال کی بنیاد پر باقی مختص فنڈز بھی جاری کیے جائیں۔ یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے25فیصد فنڈ سہ ماہی بنیاد پر جاری کیے جائیں۔ 

ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے 83،ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 431 پراجیکٹ کی تفصیل پیش کی گئی۔ ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کے282اورصوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 378 پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ 

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہرڈیپارٹمنٹ کی خصوصی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ لی اورہدایات جاری کیں۔ 

وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مراکز صحت کی ری ویمپنگ اورتعمیرو بحالی کی جلدتکمیل کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔ 

چیچہ وطنی تا لیہ 189کلومیٹر سڑک، ملتان تا وہاڑی 93کلومیٹر روڈکی تعمیر شروع کرنے کیلئے 13اگست کی ڈیڈ لائن دی گئی۔  

ساہیوال تا سمندری اوربہاولنگر تا جھانگراشرقی انٹرچینج روڈ کی تعمیر کا آغاز بھی 13اگست تک کردیا جائے گا۔ فیصل آباد، چنیوٹ، سرگودھا روڈ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز31جولائی کو ہوگا۔

مزیدخبریں