(محمد ساجد)ٹی 20 ورلڈ کپ کے اپنے اختتامی مراحل کی طرف گامزن ہے، آج کھیلے گئے پہلےسیمی فائنل میں افغانستان کو جنوبی افریقہ نے آسانی سے شکست دے دی تھی، مگر اس پورے ٹورنامنٹ میں افغانستان کی ٹیم نے جو کھیل پیش کیا اُس نے کرکٹ شائقین کے دل جیت لئے، یہی ہی نہیں ملک کے سابق وزیراعظم عمران خان نے بھی افغانستان ٹیم کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے آفیشل ’ ایکس‘ پر ٹویٹ کرتے لکھا کہ ’وہ افغان قومی ٹیم کو جاری ٹوئنٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، جس جذبے کے ساتھ انہوں نے سیمی فائنل تک عمدہ کھیل کا مظاہر کیا وہ واقعی قابل تعریف ہے، جو ان کے مثبت رویے اور کھیل کے مقصد کے لیے مکمل عزم کا بھی اظہار کرتا ہے،افغان ٹیم نے دل سے مقابلہ کیا مگر فائنل تک نہیں پہنچ پائی۔
بانی پی ٹی آئی نے مزید لکھا ’ مجھے یقین ہے کہ یہ کارکردگی بہت سے اعزازات کا پیش خیمہ ثابت ہو گی جو وہ اپنے ملک کے لیے لائیں گے، میں ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ افغانستان ٹی-20 ورلڈ کپ 2024 کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے ہار گیا۔ افریقہ نے افغانستان کی ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی اور یکطرفہ طور پر جیت کر پہلی بار ٹی 20 فائنل میں رسائی حاصل کی۔