ق لیگ کو وزارت اعلی کی یقین دہانی
05:17 AM, 27 Mar, 2022
لاہور: نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ق کو پنجاب کی وزارت اعلی کی یقین دہانی کرادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا عمل پیر کو ہونے والے قومی اسمبلی کے اجلاس میں شروع ہو رہا ہے، حکومت نے وزیر اعظم کی حمایت کیلئے اتحادیوں ، مسلم لیگ ق ، ایم کیو ایم اور راضی کرنے کی آخری کوششیں کیں ہیں. نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ق لیگ کے ایک سینیئر رہنما نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے وعدہ کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو ایک دو روز میں مستعفی ہونے کے لیے کہہ دیا جائے گا اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی پنجاب کی وزارت اعلی کیلئے پی ٹی آئی حکومت کا ترجیحی انتخاب ہیں۔ جبکہ چند نیوز چینلز نے ذرائع کے حوالے سے یہ بھی کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لی ہے تاہم ق لیگ کے رہنما کا دعویٰ ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی لیکن قائد ایوان کی تبدیلی ہوسکتی ہے۔ اتحادی جماعت کے ایک رہنما نے نجی چینل کو بتایا کہ مسلم لیگ ق کے رہنما طارق بشیر چیمہ نے حکومتی ٹیم سے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے وزیر اعلی کے امیدوار کیلئے پرویز الہی کے نام کا باضابطہ اعلان کیا جائے۔ گزشتہ روز حکومتی ٹیم جن میں وزیر دفاع پرویز خٹک، شاہ محمود قریشی بھی تھے، لاہور میں مسلم لیگ ق کے رہنما ؤں پرویز الٰہی، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ اور چوہدری مونس الٰہی سے ملاقات کی۔جس میں مسلم لیگ ق نے حکومت کے ساتھ اپنے دیرینہ تحفظات اور پنجاب کی وزارت اعلیٰ سمیت اپنے مطالبات کا اعادہ کیا۔چوہدریوں نے اس بات پر زور دیا کہ وزیراعظم عمران خان سے ان کی ملاقات وقت کی ضرورت ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نےق لیگ کی قیادت کو یقین دلایا کہ پرویز الٰہی پنجاب کے وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے پی ٹی آئی کے امیدوار ہوں گے کیونکہ حکمران جماعت کے اندر کئی دھڑے بن چکے ہیں اور کوئی متفقہ امیدوار نہیں ہوگا۔