اپوزیشن کو آج زبردست سرپرائز ملے گا
07:12 AM, 27 Mar, 2022
فیصل آباد: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عدم اعتماد والوں کو ایسا سرپرائز ملنے والا ہے کہ ہمیشہ کے لیے عدم اعتماد کا سوچنا بھی بھول جائیں گے، عدم اعتماد ناکام ہو گی عمران خان اگلے 5سال بھی پورے کریں گے۔ وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج تاریخی جلسہ ہونے جا رہا ہے، لوگ آج بڑی تعداد میں پہنچ رہے ہیں۔ لوگوں کے جذبے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد والوں کو ایسا سرپرائز ملے گا کہ وہ ہمیشہ کیلئے عدم کا سوچنا بھی بھول جائیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ متحدہ اپوزیشن کی عدم اعتماد کی تحریک ناکام ہو گی اور عمران خان اگلے 5 سال بھی پاکستان کے وزیراعظم ہوں گے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پارٹی نہ چھوڑنے والے واپس آئیں گے ، لوگوں نے عمران خان کو ووٹ دیا ہے اگر کوئی اس میں خیانت کرے گا تو عوام اس سے پوچھیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو اور مریم نواز کی کوئی سیاسی جدوجہد نہیں ہے، عوام کا موڈ بتا رہا ہے ووٹ میں خیانت کرنے والوں کا احتساب ہو گا۔