رانا ثناء اللہ کا پبلک نیوز کا دورہ،چیئرمین میاں محمد مشتاق،سی ای او احمد ساہی نے استقبال کیا

08:28 PM, 27 Mar, 2023

احمد علی
لاہور: وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے پبلک نیوز کا دورہ کیا،چیئرمین پبلک نیوز میاں محمد مشتاق ، سی ای او پبلک نیوز احمد ساہی نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔چیئرمین پبلک نیوز میاں محمد مشتاق اور سی ای او احمد ساہی نے رانا ثناء اللہ کو پبلک نیوز کا دورہ کرایا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پبلک نیوز کی غیر جانبدارانہ پالیسی قابل قدر ہے،امید ہے کہ پبلک نیوز جلد سرکردہ چینلز میں شمار ہوگا۔رانا ثناء اللہ نے پبلک نیوز کی نئی انتظامیہ کیلئے نیک خواہشات کا اظہا ر بھی کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف اسی سال پاکستان واپس آئیں گے اور پارٹی کو الیکشن میں لیڈ کریں گے۔نواز شریف واحد شخصیت ہیں جنہوں نے ہمیشہ پاکستان کو بحرانوں سے نکالا۔2018 میں عمرانی تجربے کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہوا۔ الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں صاف شفاف الیکشن کی روایت نہیں ،پورے ملک میں الیکشن اکتوبر میں ایک ساتھ ہونے چاہیں ،ملک میں الیکشن نگران سیٹ اپ کے تحت ہونے چاہیں ۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ ہماری رائے ہے کہ پنجاب ، کے پی میں الیکشن پہلے کرانے سے انتشار پھیلے گا، انتشار پھیلنے سے ملک میں الیکشن کے نتائج کوئی نہیں تسلیم کرے گا۔
مزیدخبریں