عثمان ڈار کوبیرون ملک جانے کی اجازت،عدالت نے بڑافیصلہ سنادیا

12:01 PM, 27 Mar, 2024

ویب ڈیسک: عدالت نے عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں عمرے پر جانے کی اجازت دیدی جبکہ  لاہور ہائیکورٹ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ان کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

 تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس شمس محمود مرزا نے عثمان ڈار کی درخواست پر سماعت کی۔

دوران سماعت وکیل نے موقف اپنایا کہ عثمان ڈار اپنے خاندان کے ساتھ عمرہ کرنے جانا چاہتے ہیں، ایف آئی اے نے ان کا نام پروینشل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ میں ڈال رکھا ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ پولیس کے کہنے پر ایف آئی اے نےعثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا، عثمان ڈار نے پولیس اور ایف آئی اے کو نام لسٹ سے نکالنے کی درخواست کی مگر مذکورہ محکموں نے درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

عثمان ڈار کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت ان کے مؤکل کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دے اور ایف آئی اے کو عثمان ڈار اور اس کے خاندان کو سعودی عرب جانے میں رخنہ ڈالنے سے روکا جائے۔

بعدازاں عدالت نے عثمان ڈار کی درخواست منظور کرتے ہوئے ان کا نام پی این آئی ایل سے نکالنے کا حکم دیتے ہوئے عمرے پر جانے کی اجازت دے دی۔

7 روزہ حفاظتی ضمانت منظور
دوسری جانب  جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی عبوری ضمانت پر سماعت جسٹس  شہرام سرور چوری کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی۔عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض دور کر دیا۔

 وکیل درخواست گزار نے کہا کہ ہمیں اس میں حفاظتی ضمانت چاہیے۔

لاہور ہائیکورٹ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ان کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔

مزیدخبریں