ویب ڈیسک: پاکستان کے سابق صدر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پریشر کُکر کسی بھی دن پھٹ جائے گا اور اُن لوگوں کو جن کا اقتدار پر جھوٹا، غاصبانہ اور ظالمانہ قبضہ ہے جھلسا کر رکھ دے گا۔
تفصیلات کے مطابق سابق صدر نے ٹویٹ کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پریشر ککر کسی بھی دن پھٹ جائے گا مگر نقصان کس کو پہنچے گا؟
ان کا اپنے بیان میں مزید کہنا تھا کہ ’بھاگنے والے راہ فرار اختیار کریں گے، وہ جنھوں نے بیرون ملک راستے ہموار کیے ہوئے ہیں اور ہمارا لوٹا ہوا مال و دولت سب باہر رکھا ہوا ہے۔ہم وفادار پاکستانی جنھوں نے اپنے ملک میں جینے اور مرنے کا فیصلہ کیا ہوا ہے، ہم بھی دیکھیں گے کہاں جایئں گے۔ اللہ ایسے لوگوں پر دنیا بھی تنگ کرتا ہے۔
مافیا یہ سمجھ لے اور ہم ڈنکے کی چوٹ پر اعلان کرتے ہیں کہ ہم بچائیں گے پاکستان کو۔ قوموں کی برادری میں عزت کے ساتھ کھڑا کریں گے اور ترقی کریں گے۔ میں دعوے کے ساتھ کہتا ہوں کہ اس جھوٹی، سفاک، غیر قانونی اور جابر حکومت کے تحت جاری لوٹ مار کی راکھ پر بھی تعمیر کر دیں گے اپنے وطن کو۔
یہ سب اللہ کے فضل و کرم سے ہی ممکن ہو گا۔ اس مٹی کے کا ایک انتہائی بہادر، دلیر، قابل فخر فرزند، محنت کش عوام کے دلوں کا سپریم کمانڈر عمران خان کھڑا ہے، قیادت کر رہا ہے اور منزل تک پہنچا کر ہی دم لے گا۔