(ویب ڈیسک ) قائد اعظم کے بعد نوازشریف ہی ہیں جنہوں نے مسلم لیگ کو مقبول بنایا۔ اسی جماعت کے دورمیں پاکستان کوایٹمی قوت کا اعزازملا۔
مسلم لیگ ن کے پنجاب کے صدر اور مشیر وزیر اعظم رانا ثناء اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہباز شریف کا بطور صدر استعفیٰ منظور کیا، شہباز شریف نئے صدر تک ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کے مطابق سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے الیکشن کمیشن مقرر کیا، الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کر دیا ہے، کل صبح 10 بجے سے 12 بجے تک کاغذات نامزدگی وصول کیےجائیں گے، کل ایک بجے کاغذات کی جانچ پڑتال ہوگی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کل تین بجے حتمی فہرست مرتب کر لی جائے گی، کل 4 بجے مرکزی کونسل مسلم لیگ (ن) کا اجلاس بلایا گیا ہے، بطور چیف الیکشن کمشنر جس کسی کا دل چاہتا ہے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ انہوں نے بتایا کہ آج صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک 11 کاغذات نامزدگی جاری کیے گئے۔
مشیر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے بعد نوازشریف نے مسلم لیگ کو مقبول بنایا، نوازشریف نے (ن) لیگ کو عام آدمی کی جماعت بنایا ہے، نواز شریف کے دور میں ہی پاکستان کو ایٹمی قوت کا اعزاز ملا۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف کسی سے روٹھے ہوئے نہیں، متحرک ہیں، نوازشریف کے بغیر پارٹی کے بنیادی فیصلے پہلے ہوتے تھے نہ آئندہ ہوں گے۔
رانا ثنا ء اللہ نے مزید کہا کہ شہباز شریف پارٹی کے بہت اہم رہنما ہیں، نوازشریف کے بعد پارٹی شہباز شریف کےنام پر متفق ہے، معیشت کی بحالی کے لیے شہباز شریف جدوجہد کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم تو سیاسی لوگ ہیں ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں، حکومت اور اپوزیشن گاڑی کے دو پہیے ہیں، اکتوبر 2011 سے لے کر بانی پی ٹی آئی کہتے ہیں کسی کے ساتھ ڈائیلاگ نہیں کروں گا، اس کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پاکستان معاشی و سیاسی طور پر یہاں کھڑا ہے۔