آڈیو لیک: تحقیقاتی کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر
09:44 AM, 27 Nov, 2021
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو ٹیپ کے معاملے کی تحقیقات کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کمیشن بنانے کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ صدر سندھ ہائیکورٹ بار صلاح الدین احمد اور ممبر جوڈیشل کمیشن سید حیدر امام رضوی نے اپنی درخواست میں محکمہ داخلہ کے سیکرٹریز اور سیکرٹری قانون کو فریق بنایا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو ٹیپ سے یہ تاثر پیدا ہوا ہے کہ عدلیہ پر بیرونی قوتوں کا دباؤ ہے۔ یہ آڈیو اصلی ہے یا جعلی؟ اس کا تعین کیا جانا بہت ضروری ہوچکا ہے۔ درخواست میں مبینہ آڈیو ٹیپ کو عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچانے کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس نے بہت ہی اہم نوعیت کے سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ آئینی عدالت ہونے کے پیش نظر عوام کا غیر جانبدار اور ایک آزاد عدلیہ پر اعتماد بحال کیا جانا ضروری ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ صورتحال کے پیش نظر ان الزامات کی تحقیقات کیلئے کمیشن کی تشکیل بہت ضروری ہے۔ اپنے نام کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عدلیہ کو خود مختار اور آزاد کمیشن بنانا چاہیے۔ اس میں اچھی شہرت والے سابق ججوں، وکلا، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے افراد کو شامل کیا جائے۔ یہ آزاد کمیشن سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی مبینہ آڈیو لیک اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی بھی چھان بین کرے۔