کورونا وائرس کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی
01:30 PM, 27 Nov, 2021
لاہور ( پبلک نیوز) کورونا وائرس کی نئی قسم نے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ ایک بار پھر عالمی معاشی سست روی کا خطرہ منڈلانے لگا۔ عالمی معاشی سست روی کے خطرے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے۔ امریکہ اور بڑے ممالک کی جانب سے اپنے ذخائر سے خام تیل جاری کرنے کے اثرات بھی سامنے آگئے۔ ماہرین کے مطابق عالمی معیشت سست روی کا شکار ہوئی تو خام تیل کی طلب میں بھی نمایاں کمی ہوگی۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں 10 ڈالر فی بیرل تک کمی۔ 11 فیصد کمی سےبرینٹ آئل کی قیمت 72.72 ڈالر فی بیرل تک گرگئی۔ 10 ڈالر فی بیرل کمی اپریل 2020 کے بعد ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ گراوٹ ہے۔ ایک ہفتے کے دوران برینٹ کروڈ آئیل کی قیمت میں اوسط ۸ فیصد کمی دیکھی جا چکی ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل سستا ہونے سے پاکستانی صارفین کو بھی ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ورکنگ کا آغاز کر دیا۔ پاکستان میں بھی مقامی سطح پر قیمتوں میں کمی کی جا سکتی ہے۔ یکم دسمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھنے کا کوئی جواز نہیں۔ اوگرا ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ٹیکسز وصول کرنے کے باوجود قیمتوں میں کمی کی جا سکتی ہے۔ حکومت اگر پٹرولیم لیوی نہ بڑھائے تو قیمتوں میں کمی کے ثمرات صارفین تک پہنچ سکتے ہیں۔ اگر پٹرولیم لیوی بڑھائے گئی تو پھر مقامی سطح پر قیمتوں میں کمی مشکل ہو جائے گی۔ اوگرا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق سمری 29 نومبر کو بھجوائے گا۔ پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم دسمبر سے ہوگا۔