ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شرپسندوں کے خلاف اسلام آباد میں گرینڈ آپریشن کے بعد شہر کی مختلف شاہراہوں سے کنٹینرز ہٹانے اور صفائی کا کام شروع کر دیا گیا، جس کے باعث موٹرویز کو تمام قسم کی ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا جبکہ احتجاج کے باعث گزشتہ 3 روز سے معطل ہونے والی انٹر نیٹ سروس بھی بحال ہوگئی۔
گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال
وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کے خلاف گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے لگی، آج سے کاروباری اور کل سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔
جگہ جگہ مظاہرین کے چھوڑے کپڑے، جوتے پڑے ہیں اور متعدد گاڑیاں بھی لاوارث کھڑی ہیں جبکہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی احتجاج کے باعث بند کی جانے والی سڑکیں آمدورفت کے لیے کھول دی ہیں۔
ریڈ زون اور دیگر اہم مقامات پر لگائے گئے کنٹینرز بھی ہٹائے جانے کا کام جاری ہے جبکہ ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں شاہراہوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو علاقے میں موجود کنٹینرز ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
عرفان میمن کا کہنا تھا کہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے راستے فی الفورکھولے جا رہے ہیں، کوشش ہے کہ صبح ہونے سے قبل شہریوں کے لیے راستے کھول دیے جائیں گے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر کی تمام شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی صبح تک مکمل ہونے کو یقینی بنائے جائیں۔
مری روڈ سے کینٹینرز ہٹانے کا سلسلہ جاری
ادھر پی ٹی آئی احتجاج کے باعث 3 دن سے بند مری روڈ سے کینٹینرز ہٹائے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے احتجاج پر 23 نومبر کی شب مری روڈ کو مکمل سیل کر دیا گیا تھا۔
مری روڈ فیض آباد، شمس آباد اور اسٹیڈیم روڈ کے کاروبار 3 دن سے بند ہیں، مری روڈ سے کینٹینرز ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
گزشتہ 3 روز سے معطل انٹرنیٹ سروس بحال
پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے باعث گزشتہ 3 روز سے معطل ہونے والی انٹر نیٹ سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔
موٹرویز تمام قسم کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کے اعلان کے بعد موٹرویز تمام قسم کی ٹریفک کی کے لیے کھول دی گئی ہے۔
اسلام آباد اور لاہور کے روڈ بھی ٹریفک کے لئے بحال کر دیے گئے ہیں، جہاں کنٹینرز موجود ہیں انہیں ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹروے ایم 2 کو لاہور اسلام آباد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا،موٹروے ایم 11 کو لاہور سیالکوٹ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان، موٹروے ایم 3 کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، لاہور اسلام آباد، لاہور سیالکوٹ موٹروے، ایسٹرن بائی پاس بھی کھول دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور رنگ روڈ ٹریفک کیلئے کھلی ہے اور شہرکے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، دوسری جانب اسلام آباد میں ٹریفک بحال ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں جہاں جہاں کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے گئے تھے، ان رکاوٹوں کو ہٹا کر تمام سڑکیں ٹریفک کے لئے بحال کر دی گئی ہے، اسلام آباد کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے کل بروز جمعرات سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔