اللہ کا شکر ہے، شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی،محسن نقوی کا بیان

10:31 AM, 27 Nov, 2024

ویب ڈیسک: وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شر انگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی۔

محسن نقوی نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ کیا اور ڈی چوک پر موجود قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں سے ملے۔

وزیرِ داخلہ نے جوانوں کی جوانمردی کی تعریف کرتے ہوئے ڈی چوک اور دیگر علاقے کلیئر کرانے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا جائزہ لیا اور سڑکوں کی فوری صفائی کا حکم دیتے ہوئے عمارتوں اور دیگر تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔

وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سڑکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جرأت مندانہ کردار پر مبارک باد دیتا ہوں، پُرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ رات گئے مظاہرین کے خلاف آپریشن کے دوران پی ٹی آئی نے اسلام آباد احتجاج کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق بانی چیئرمین سے ملاقات اور کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد اگلا لائحہ عمل بتایا جائے گا۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پرامن مظاہرین پر اسلام آباد کی سڑکوں پر گولیوں کی بارش کی گئی اور سینکڑوں نہتّے پاکستانیوں کو زخمی کرکے خون میں نہلایا گیا۔

مزیدخبریں