ویب ڈیسک: چین کے نائب چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ یو شیا کا دورہ جی ایچ کیو،جنرل ژانگ یو شیا نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی،ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال پر گفتگو ہوئی جبکہ خطے کے استحکام کیلئے اقدامات دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاک چین شراکت داری باہمی اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر قائم ہے،عالمی علاقائی تبدیلیوں کے باوجود پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے پر چین کے شکرگزار ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ژانگ یو شیا نے پاکستان کی اسٹریٹجک شراکت داری کے لیے مستقل عزم کو سراہا اور انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں میں پاک فوج کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ جنرل ژانگ یو شیا نے تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کیلئے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔جنرل ژانگ یو شیا نے جی ایچ کیو پہنچنے پر یادگارِ شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا،
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور چین کا اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کا عزم ہے۔