ڈالر سستا، انٹربینک ریٹ میں 2 روپے 27 پیسے کی کمی

07:33 AM, 27 Oct, 2021

احمد علی

کراچی:‌ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے. انٹربینک میں ڈالر2 روپے 27 پیسے سستا ہوگیا.

پاکستان کو سعودی عرب سے 4.20 ارب ڈالر کی سپورٹ ملنے پر روپے پر دباو کم ہوگیا. فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 175.27 روپے سے گر کر 173 روپے کا ہوگیا، سعودی عرب نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کیش دینے کی منظوری دے دی ہے، سعودی عرب 1.20 ارب ڈالر تیل کی تاخیر سے ادائیگی کی سپورٹ بھی دے رہاہے .

وزیراعظم عمران خان کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ میں شہزادہ محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے پاکستان کے مرکزی بینک میں 3 بلین ڈالر بطور ڈپازٹ رکھنے کا اعلان کیا اور 1.2 بلین ڈالرز کی ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کی بھی مالی معاونت کی۔ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا بشمول اب بھی جب دنیا بڑھتی ہوئی قیمتوں کا سامنا کر رہی ہے۔

اس حوالے سے مشیر خزانہ شوکت ترین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ سعودی عرب اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر رکھے گا، سعودی عرب 1.2 ارب ڈالر موخر تیل کی ادائیگیوں کیلئے بھی فراہم کرے گا، کل شام کو سعودی وزیر خزانہ نے اس فراخدلانہ اقدام کے بارے میں آگاہ کیا، سعودی حکومت اور ولی عہد کا اس اقدام پر شکریہ ادا کرتے ہیں.

بعدازاں مشیر خزانہ شوکت ترین نےوزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ نیوز کانفرنس کی،مشیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کے دوران موخر ادائیگیوں پر تیل کی فراہمی پر بات ہوئی، 2018 کے آخر میں اسٹیٹ بینک ذخائر کیلئے 3 ارب ڈالر دیئے تھے، سعودی عرب سے کل 4.2 ارب ڈالر ایک سال کیلئے ملیں گے، 10 کروڑ ڈالر ماہانہ تیل کی موخر ادائیگیوں کیلئے سعودی عرب فراہم کرے گا، کل وزیر خزانہ سعودی عرب کا فون آیا اور انہوں نے بتایا، 3 ارب ڈالر کا تعلق اسٹیٹ بینک سے ہے اور 1.2 ارب ڈالر کا تعلق توانائی سے ہے.

مزیدخبریں