شہید ارشد شریف کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
06:41 AM, 27 Oct, 2022
اسلام آباد: کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والے صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح معروف صحافی ارشد شریف کے جسد خاکی کو ن کے گھر منتقل کیا گیا تھا، لوگوں کی ایک بڑی تعداد ان نے گھر کے باہر موجود تھی جنہوں نے پھول نچھاور کرکے ان کا استقبال کیا تھا ، جبکہ 1 بجے پاکستان کے ترانے اور قومی پرچم کے ساتھ ان کو رخصت کیا گیا۔ گذشتہ روز ارشد شریف کا پمز ہسپتال اسلام آباد میں پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا ۔ ارشد شریف کے اہل خانہ کی درخواست پر 8 رکنی میڈیکل بورڈ میں دو ڈاکٹرز کو بھی شامل کیا گیا تھا ۔ پمز ہسپتال میں دوران پوسٹم مارٹم ارشد شریف کی میت کا سی ٹی اسکین اور ایکسرے بھی کیا گیا تھا ، پمز کے پروفیسر ہاشم رضا کے مطابق جو چیزیں فرانزک کے لئے بھیجیں گے ان پر کچھ دن لگ سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ ارشد شریف کو اتوار کی رات کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر شناخت میں غلطی ہونے پر پولیس نے سر پر گولی مار کر شہید کر دیا تھا ۔ شروعاتی طور پر پولیس نے ارشد شریف کی ہلاکت کو شناختی غلطی کا نتیجہ قرار دیا تھا۔